آفر ہونیوالے نامناسب کرداروں کے سبب 20 سے 30 فلمیں چھوڑ دیں، ملیکا شراوت

October 16, 2020

بے باک اور بولڈ سین فلمانے سے متعلق شہرت رکھنے والی بھارتی اداکارہ ملیکا شراوت کا کہنا ہے کہ آفر ہونے والے 20 سے 30 نا مناسب کردار اُن کی ذات کے خلاف تھے جو اُنہوں نے ٹھکرا دیئے تھے۔

گزشتہ دنوں بھارتی فلم انڈسٹری کی اداکارہ ملیکا شراوت کو خوب تنقید کا سامنا کرنا پڑ ا تھا، ملیکاشراوت سے متعلق لوگوں کا کہنا تھا کہ اُن کی فلموں میں ادا کیے جانے والے کردار معاشرے میں خواتین پر ہونے والے تشدد کو مزید بڑھاوا دیتے ہیں۔

اداکارہ نے بھارتی نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’اُنہوں نے اپنے ابھی تک کے کیریئر کے دوران 20 سے 30 فلموں کو ٹھکرایا ہے، اُنہیں ان فلموں میں جو کردار آفر ہو رہے تھے وہ کردار اُن کی حقیقی زندگی اور ذات سے بہت دور ہیں، وہ حقیقت میں ایسی نہیں ہیں جیسے کردار اسکرین پر ادا کرتی نظر آ تی ہیں۔‘

ملیکاشراوت کا اپنی وضاحت میں مزید کہنا تھا کہ ’انہوںنے مسلسل فلمیں ٹھکرائیں کیوں کہ وہ اپنے حقیقی کردار کو کہیں گُم ہونے نہیں دینا چاہتی تھیں اور نہ ہی وہ آفر ہونے والے کرداروں پر یقین کرتی ہیں، انہوںنے کیریئر کے آغاز سے ہی فلموں میں کردار ادا کرنے سے متعلق ایک مائنڈ سیٹ بنا رکھا تھا جس کی وجہ سے اُنہیں فلمیں کھو کر نقصان بھی اٹھا نا پڑا۔‘

اُن کا کہنا تھا کہ ’مگر وہ ابھی بھی خوش ہیں کہ ا’نہوں نے جو بھی آج تک کام حاصل کیا یا کر رہی ہیں وہ اُن کی مرضی کے مطابق ہے، اُن کے لیے انڈسٹری می ابھی بھی کام سے متعلق بڑے مواقع موجود ہیں۔‘

ملیکا کا فلم انڈسٹری سے شکوہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’انہیں کام حاصل کرنے کے لیے بڑی محنت کرنی پڑی ہے جو شاید باقی اداکاروں کو نہیں کرنی پڑتی، اُن کا تعلق ایک پڑھے لکھے گھرانے سے ہے مگر اُنہیں انڈسٹری میں بہت برے رویئے کا بھی سامنا کرنا پڑا۔‘