بلاول بھٹو زرداری کا قافلہ وزیر آباد پہنچ گیا

October 16, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا قافلہ وزیر آباد پہنچ گیا ہے، بلاول بھٹو زرداری کے قافلے میں بڑی تعداد میں لوگوں کی گاڑیاں شامل ہیں۔

بلاول بھٹو زردای کی گاڑی پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ ڈرائیو کررہے ہیں، بڑی تعداد میں عوام کے موجود ہونے کی وجہ سے بلاول بھٹو کو گاڑی سے اترنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تمام جمہوری جماعتیں ایک پیج پر ہیں، آج پاکستانی عوام کا سمندر فیصلہ سنا دے گا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے جانے کا وقت آگیا ہے۔


اس سے پہلے لالہ موسیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےچیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج پنجاب کے دل گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کا باقاعدہ آغاز ہورہا ہے، پیپلز پارٹی کے قافلے کی قیادت میں خود کر رہا ہوں، آج پاکستان کے حقیقی نمائندے ایک اسٹیج پر موجود ہوں گے۔