مالی بے قاعدگیوں میں ملوث بلدیہ شرقی کے 3 ملازم معطل

October 17, 2020

لوکل گورئمنٹ بورڈ سندھ کی انکوائری رپورٹ آنے پر بلدیہ شرقی کے شعبہ اشتہارات میں سنگین مالی بے قاعدگیوں میں ملوث 3 افسران و ملازمین کو معطل کر دیا گیا، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ سے جواب طلب کرلیا گیا ہے۔

محکمہ بلدیات سندھ کے مطابق معطل شدہ ڈپٹی ڈائریکٹر افسر محکمے میں واپس بھیج دیا گیا ، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ بلدیہ شرقی جاوید کلہوڑ کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا۔


جاوید کلہوڑ سے 7یوم میں سائن بورڈ، وال پیسٹنگ، اسٹیمر اور برج پینل میں ہونے والی بے قاعدگیوں پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔

جاری نوٹیفیکشن کے مطابق معطل ہونے والوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ وقاص سومرو، اسسٹنٹ فضل عباس اورکلرک اخلاق شامل ہیں۔

معطل شدہ وقاص سومرو کو ان کے اصل محکمے لیاری ڈیویلپمنٹ اتھارٹی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔