وزارت قانون، بغیر اشتہار وکلا کی خدمات حاصل کرنے کا انکشاف

October 18, 2020

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزارت قانون کی جانب سے پپپرا قوانین کے برخلاف بغیر اشتہار وکلا کی خدمات حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ حکام نے تبدیلی سرکاری کی وزارت قانون و انصاف کا من پسند وکلا کو نوازنے سے لیکر بار ایسوسی ایشنز کی فنڈنگ اور بھرتیوں کے اشتہارات تک کچا چٹھہ کھول دیا۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ بغیر اشتہار دیئے 487 وکلا کی خدمات حاصل کی گئیں اور 58 لاکھ سے زائد فیس ادا کی گئی، بغیر اشتہار وکلا کی خدمات حاصل کرنا پیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزارت قانون و انصاف نے وکلا کی خدمات سال 2018-19کے دوران حاصل کیں جبکہ بھرتیوں کیلئے 6 لاکھ سے زائد مالیت کے دو اشتہار جاری کئے لیکن بھرتیوں کا عمل دونوں مرتبہ شروع نہ ہوسکا۔ آڈٹ حکام نے مجاز افسران سے اشتہار کی مد میں خرچ رقم وصول کرنے کی سفارش کرتے ہوئے وزارت قانون کی جانب سے 31بار ایسوسی ایشنز کو جاری فنڈز پر بھی اعتراض اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز کو دو کروڑ 96 لاکھ سے زائد رقم دی گئی لیکن ان سے فنڈز کا آڈٹ حساب نہیں لیا گیا۔