اسلام آباد ہائیکورٹ، ٹک ٹاک کی بندش تین صفحات کا تحریری حکمنامہ جاری

October 18, 2020

اسلام آباد (جنگ رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نےسوشل میڈیا پرٹک ٹاک کی بندش کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کا تین صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کردیاہے جس کے مطابق پی ٹی اے کو نوٹس جاری کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر اسے اپناسینئر افسر عدالت میں بھجوانے کی ہدایت کی ہے ،جبکہ پی ٹی اے کے اختیارات سے متعلق پاکستان بار کونسل کے وائس چئیرمین عابد ساقی،سنیئر صحافی مظہر عباس اور سابق مشیر اطلاعات جاوید جبار سے بھی قانونی معاونت طلب کرلی ہے ، تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیوں نہ کیس کے حتمی فیصلے تک پی ٹی اے کا ٹک ٹاک کی بندش کا فیصلہ معطل کردیا جائے؟ تحریر ی حکم میں لکھاگیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا ہے کہ پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پرٹک ٹاک پر پابندی لگاتے وقت عدالتی ہدایات کو بھی نظر انداز کیاہے ، عدالت نے تحریری فیصلے میں یہ بھی لکھا کہ وکیل درخواست گزار کے مطابق پی ٹی اے نے ہائیکورٹ کے دو فیصلوں کی بھی خلاف ورزی کی ہے، پی ٹی اے بتائے اس خلاف ورزی پراسکے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے، یاد رہے کہ چیف جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی تھی ۔