ریلیف پیکیج، حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے40 ارب جاری کرنے میں ناکام

October 18, 2020

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) وفاقی حکومت یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کیلئے وزیراعظم ریلیف پیکچ کے تحت چالیس ارب روپے تاحال جاری کرنے میں ناکام ہوگئی ہے،یوٹیلیٹی اسٹورز کو21 ارب روپے بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام سے منتقل کئے جانے کا انکشاف ہوا-یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو اکیس ارب روپے بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام سے منتقل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، ذ رائع کے مطابق حکومت یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے منظور کردہ 71 ارب روپے میں سے چالیس ارب روپے تاحال جاری نہ کرسکی،کل منظور کردہ 71 ارب روپے میں سے اب تک یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے 31 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں،وزارت خزانہ نے 50 ارب میں سے اب تک صرف 10 ارب روپے جاری کئے ہیں، باقی ماندہ 21 ارب روپے بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام نے فراہم کئے ہیں،حکو مت نے یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے فنڈز سبسڈی اور خریداری کیلئے منظورکئے ہیں،وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی ،آٹا،گھی،دالوں اور چاول پر سبسڈی دی جا رہی ہے، در یں اثنا ء یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے وزیر اعظم ریلیف پیکچ کے تحت آٹے،چینی اور گھی کی قلت دور کرنے کیلئے اقدامات تیز کردیئے ہیں،کارپوریشن نے حکومت سے تین لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم مانگ لی ہے اور فیکٹریوں سے پچاس ہزار ٹن گھی خریدنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے، حکومت یوٹیلیٹی سٹورز کی درخواست پر درآمدی چینی بھی کارپوریشن کو فراہم کرے گی ،دوسری جانب ملک کے مختلف یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے،چینی اور گھی کی قلت کا مسئلہ دور نہیں کیا جاسکا ہے،ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے حکومت سے پاسکو کے ذریعے تین لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم کی درخواست کردی ہےجبکہ اس سے قبل اس سال اپریل میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاسکو کے ذریعے دو لاکھ ٹن اضافی گندم کی فراہمی کی منظوری دی تھی،ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹے کا سٹاک ختم ہورہا ہے، اس لئے اضافی گندم کی درخواست کی گئی ہے،ذرائع کے مطابق کارپوریشن کی درخواست پر حکومت نے درآمدی چینی یوٹیلیٹی اسٹورز کو فراہم کرنی ہے جو نومبر کے اوائل میں یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب ہونا شروع ہوجائے گی،ذرائع کے مطابق فیکٹریوں سے پچاس ہزار ٹن گھی خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے،حکام کے مطابق وزیراعظم پیکچ کے تحت آٹا،چینی اور گھی کی قیمت اوپن مارکیٹ سے کافی کم ہے اس لئے دستیابی کے مسائل بھی درپیش آتے ہیں۔