مریم نواز کی تقریر کھوکھلی تھی، شہباز گِل

October 19, 2020

معاون خصوصی شہباز گِل نے کہاہے کہ مریم نواز کی ساری تقریر عمران خان کے بارے میں تھی۔ آج انہوں نے کھوکھلی تقریر کی۔ نانی کا رشتہ بتایا، لیکن یہ نہیں بتایا کہ والد نے لوٹ مار سے جو پیسا جوڑا اس کی رسیدیں کہاں ہیں؟ یہ بھی نہیں بتایا کہ جعلی خط سپریم کورٹ میں کیوں جمع کرایا؟۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گِل کا کہنا تھا کہ مریم نے کہا کہ یہ ان کی بھی فوج ہے، لگ رہا ہے کہ ان کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگيا ہے۔ اب یہ دوبارہ پاؤں پڑ کر این آر او لینے کی کوشش کررہے ہیں۔


شہباز گل نے مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ محمد صفدر نے بھی بونگی ماری، مزار قائد پر بدتمیزی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات ماننی پڑے گی کہ پیپلز پارٹی کی مینجمنٹ ان سے قدرے بہتر تھی۔ جلسے میں لوگوں کو زبردستی روکا جارہا تھا جنہیں پیسے دے کر لایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کراچی میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ نریندر مودی کی کامیابی کی دعائیں عمران خان نے مانگیں، کلبھوشن کیلئے آرڈیننس اور وکیل کرو تم اور مودی کی زبان ہم بول رہے ہیں؟ بھارت کو سلامتی کونسل میں ووٹ دو تم اور مودی کی زبان ہم بول رہے ہیں؟۔