کوویڈ : بولٹن ایم پی یاسمین قریشی مثبت ٹیسٹ آنے پر ہسپتال میں داخل

October 20, 2020

بولٹن (ابرار حسین/پی اے) بولٹن سائوتھ ایسٹ سے رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی کوویڈ۔19ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد نمونیہ میں مبتلا ہونے پر ہسپتال میں داخل ہو گئیں۔ لیبر ایم پی نے بتایا کہ ان کی طبیعت تقریباً دو ہفتوں سے ٹھیک نہیں تھی اور انہوں نے فوری طور پر گھر میں سیلف آئسولیشن اختیار کر لی تھی۔ 57 سالہ یاسمین قریشی نے بتایا کہ وہ ہفتہ کے روز طبیعت بہت خراب محسوس ہونے پر رائل بولٹن ہاسپیٹل میں داخل ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری انتہائی اچھی طرح نگہداشت ہو رہی ہے اور حیرت انگیز سٹاف قابل تعریف ہے۔ انہوں نے پورے پراسس کے دوران حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور میں یہاں اس مشکل وقت میں کام کرنے والے ہر شخص کی شکر گزار ہوں۔ شیڈو وزیر بین الاقوامی ترقیات محترمہ قریشی گریٹر مانچسٹر کی ان ایم پیز میں سے ایک ہیں جو خطہ میں تین سطحی پابندیوں کے نفاذ کے خلاف دلائل دے رہی ہیں۔ لوکل لیڈرز قوانین کی ٹاپ سطح پر متفق ہونے سے قبل بہتر مالیاتی سپورٹ چاہتے ہیں جس کے نتیجے میں بعض بزنسز کو بند کرنا پڑے گا۔ گریٹر مانچسٹر کے میئر اینڈی برنہام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نیو جاب سپورٹ سکیم کی بجائے 80 فیصد فرلو سکیم نافذ کرے، جس کے ذریعے تین سطحی بندش سے متاثرہ لوگوں کی 67 فیصد اجرت کا احاطہ ہو جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تین سطحی بندش سے متاثرہ بزنس ایسے کاروباری ادارے ہیں، جہاں لوگوں کی اجرت کم ہوتی ہے اور دو تہائی اجرت کافی نہیں ہے۔ تاہم کمیونٹیز سیکریٹری رابرٹ جیرک نے کہا ہے کہ فیصلہ میں مزید التوا سے لوگوں کی زندگیوں کو خدشات لاحق ہو جائیں گے۔ دریں اثناء ان کے شوہر ندیم بٹ نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی سیلف آئسولیشن پر ہیں۔ انہوں نے عوام سے یاسمین قریشی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔