بزدار پر تنقید سے پہلے بلاول سندھ حکومت پر توجہ دیں، فیاض چوہان

October 21, 2020

لاہور(ایجنسیاں)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ بلاول بھٹوپہلے سندھ حکومت پر توجہ دیں ‘ نااہلوں کے پلیٹ فارم پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے شاید بلاول کو وزیر اعلیٰ سندھ اور سندھ حکومت کی نااہلی، نکما پن اور بیڈ گورننس نظر نہیں آئی‘گندم خریداری، ٹیکس کولیکشن اور کوویڈ-19 کے خلاف جنگ میں ناکامیوں نے سندھ حکومت کی نااہلی پر مہر ثبت کر دی ہے۔ رہی سہی کسر مزار قائد پر کیپٹن صفدر کی ہلڑ بازی کے خلاف درج ایف آئی آر میں مراد علی شاہ کے ناکامی کے اعتراف نے پوری کر دی۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تسلیم کر لیا کہ انکا سندھ انتظامیہ اور آئی جی سندھ پر کوئی کنٹرول نہیں۔مراد علی شاہ اور سندھ حکومت کا سب سے بڑا اور واضح کارنامہ ملک میں دانستہ آٹا بحران لانا ہے جبکہ سردار عثمان بزدار اور پنجاب حکومت کا تعارف عوام دوست منصوبے اور گڈ گورننس ہیں۔