نیپرا نے بجلی کے نظام کو نقائص سے بھرپور قرار دے دیا

October 21, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نیپرا نے بجلی کے موجودہ نظام کو نقائص سے بھرپور قرار دےدیا۔ نیپرا نے پاور سیکٹر کی اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2020 جاری کر دی۔ کورونا کی وجہ سے پاور سیکٹر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق پاور پلانٹس کو مکمل صلاحیت پر نہ چلانے سے مہنگی بجلی پیدا ہوئی‘ رپورٹ میں بجلی کمپنیوں کی وصولیوں میں کمی‘ مہنگی بجلی پیدا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

نیپرا نے کہا کہ مالی سال 2019-20 میں وصولیوں کی شرح میں 1.48 فیصد کمی ہوئی۔ نیپرا نے بجلی کے ترسیلی نظام کو ایک بار پھر ناقص قرار دیدیا۔ نیپرا نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صارفین کا بجلی کمپنیوں پر اعتماد کم ہو رہا ہے۔ بجلی صارفین نیٹ میٹرنگ کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ نیپرا نے ملک میں بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے پر زور دیا۔

نیپرا نے کہاکہ زیادہ ایفی شینسی والے پاور پلانٹس کو ترجیح دی جائے۔ سفارش کی گئی کہ پرانے پاور پلانٹس کو بند کر دیا جائے۔ نیپرا نے کہاکہ ایل این جی کی سپلائی چین کو بہتر کیا جائے‘ مہنگے پیداواری یونٹس کی جگہ سستی پیداوار کو ترجیح دی جائے۔