ڈیفنس روڈخستہ حالی، شہری سراپا احتجاج،کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ

October 21, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈیفنس روڈ کے رہائشیوں نے سڑک کی خستہ حالی اور انتظامیہ کی طویل خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار یہ سڑک گزرنے والوں کیلئے کسی عذاب سے کم نہیں، اس سڑک کو تقریباً تین برس قبل عسکری چودہ کے سیکٹر ڈی کو گیس کی فراہمی کیلئے کاٹا گیا تھا ۔ کام پورا ہونے کے بعد کسی نے سڑک کی مرمت تو دور کی بات بھاری مشینری سے کھودے گئے گڑھے تک صحیح معنوں میں بند کرنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کی جس سے لوگوں کی زندگی مشکل بنی ہوئی ہے۔ ارد گرد کے رہائشی سڑک پر پڑنے والے گڑھوں کو اپنی مدد آپ کے تحت مرمت کرتے رہتے ہیں، دوسری طرف گندگی سے بھری نالیاں اور ان سے نکلنے والا پانی رہی سہی کسر پوری کر دیتا ہے۔ ڈیفنس روڈ پر روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں افراد کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بہترین حالت میں قائم سڑکوں اور گلیوں کو دوبارہ اکھاڑ کر تعمیر کیا جا رہا ہے مگر یہ سڑک مسلسل نظر انداز ہو رہی ہے متاثرین نے کمشنر راولپنڈی سے اپیل کی ہے کہ سڑک اور اطراف میں نکاسی آب کیلئے نالوں کی تعمیر کیلئے خصوصی احکامات بھی جاری کئے جائیں۔