وزیر توانائی پنجاب کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر اعلیٰ سطحی اجلاس

October 22, 2020

ملتان (سٹاف رپورٹر ) وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ذیلی اداروں کے سی ای اوز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اخترملک نے کہا کہ متبادل ذرائع توانائی کے منصوبوں پر تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، عوام سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی کے لئے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہائیڈرو کے چھوٹے منصوبوں کو جلد از جلد تکمیل کیا جائے۔ ڈاکٹراختر ملک نے کہا کہ قائداعظم سولر کا دوسرا فیز تقریبا سات سو میگا واٹ جلد شروع کریں گے جب کہ ونڈ اور سولر کا ہائبرڈ پروجیکٹ جلد لانچ کر نے پر غور کیا جا رہا ہے ساتھ ہی پنجاب گریڈ کمپنی کی سمری بنا کر بھیج دی گئی ہے۔ ڈاکٹر اختر ملک نے مزید کہا کہ انرجی سیکٹر میں اگلے تین سالوں میں تقریبا بیس ہزار نوکریاں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوٹ مار اور شعبدہ باز کمپنی کی کہانی اب پرانی ہوگئی ہے، نئے پاکستان میں ہماری منزل عام آدمی کو سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی ہے۔