فرانس: مسلمان خواتین پر چاقو سے حملہ، سفید فام خواتین پر فردِ جرم عائد

October 22, 2020

فرانس میں مسلمان خواتین کی جانب سے کتوں کو دور کرنے کی درخواست پر سفید فام انتہاپسند خواتین نے چاقو سے حملہ کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی شہر پیرس میں ایفل ٹاور کے قریب پارک میں مسلمان خواتین اپنے بچوں کے ساتھ چہل قدمی میں مصروف تھیں۔

اسی دوران ان کے پاس 2 سفید فام انتہاپسند خواتین آئیں جن کے ساتھ کتے بھی موجود تھے، تاہم مسلمان خواتین نے اپنے بچوں کی حفاظت کے پیش نظر ان غیر مسلم خواتین سے کتوں کو دور رکھنے کی درخواست کی۔

انتہا پسند سفید فام خواتین نے مسلمان خواتین کی درخواست کو اپنی نفرت میں نظرانداز کرکے ان پر چاقو سے حملہ کردیا۔

سفید فام خواتین نے مسلمان خواتین کے حجاب اتارنے کی بھی کوشش کی جبکہ اسی دوران ان پر چاقو کے وار کیے جس سے مسلمان خواتین شدید زخمی ہوگئیں اور انھیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

بعدازاں سفید فام خواتین کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ان میں سے ایک پر معصوم خواتین پر حملہ کرنے اور نسل پرستانہ جملے کسنے کے الزامات کے تحت فردِ جرم عائد کردی گئی۔

دوسری جانب ایک خاتون کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

عدالت میں متاثرہ خواتین کا کہنا تھا کہ ملزم خواتین سخت سزا کی حقدار ہیں، انہوں نے نسل اور مذہب کی بنیاد پر مسلمان خواتین کو قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔