ویسٹ لندن میں گیس کے مشتبہ دھماکے میں دو افراد ہلاک

October 23, 2020

لندن (پی اے) ویسٹ لندن میں گیس کےمشتبہ دھماکے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ دھماکہ ایک دکان میں ہوا اور لندن فائر بریگیڈ کو کنگ سٹریٹ، سائوتھ آل پر جائے وقوعہ پر طلب کیا گیا جس نے تباہ شدہ عمارت میں پھنسے ہوئے لوگوں کی تلاش کے لئے سرچ کتوں سمیت خصوصی آلات استعمال کئے۔ اسٹیشن کمانڈر پال مورگن نے کہا ہے کہ ہم تصدیق کرسکتے ہیں کہ دو افراد ہلاک ہوگئے۔ جتندر سنگھ نےاپنی دکان جس کا نام’ ڈاکٹر فون‘ ہے،دھماکے میں مکمل تباہ ہوگئی، کہا ہے کہ اسے بہت صدمہ ہے کیونکہ وہ ہر ایک چیز کھو چکا ہے اسے علم نہیں کہ کیا ہوا، اسے بتایا گیا کہ وہ دکان میں نہیں جاسکتا بہرحال تصاویر سے دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے۔ وہ صدمے میں ہے اور پتہ نہیں کہ اسے کیا کہنا چاہئے۔ رہائشی افراد کا کہنا ہے کہ ان کے گھر دھماکے سے لرز اٹھے، 38 سالہ نرملا حامد نے بتایا کہ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت وہ اپنے بچوں کو اسکول کے لئے تیار کررہی تھی۔ مکان لرز اٹھا اور اس نے اپنے شوہر سے پوچھا کہ یہ کیا ہوا جس نے کہا کہ دھماکہ ہوا ہے اور اس نے بتایا کہ یہ فون شاپ تھی۔ 78 سالہ محمد رفیق نے بتایا کہ وہ اور اس کی 76 سالہ اہلیہ خوف زدہ ہوگئے اور لرز اٹھے، ایک اور پڑوسی نے بتایا کہ اس کا مکان دھماکے سے لرز اٹھا اور ایسا لگا جیسے بم کا دھماکہ ہوا ہے۔