زمبابوین ہیڈکوچ کو روکنا غلط، بھارت نے پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچانے کی سازش کی، احسان مانی

October 23, 2020

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے زمبابوے کے ہیڈکوچ اور اپنے سابق کھلاڑی لال چند راجپوت کو پاکستان آنے سے روک کر غلط روایت قائم کی ہے۔ بھارت نے ایک بار پھر کھیل میں سیاست کو شامل کیا ہے۔ زمبابوے کے کوچ کا معاملہ آئی سی سی کے سامنے رکھیں گے۔ بھارت نے پاکستان کو آئی سی سی میں تحریری یقین دہانی کرائی ہوئی ہے کہ اگلے سال ٹی ٹوئینٹی ورلڈ کپ اور 2022 میں پچاس اوورز کے ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کو بھارت کے ویزے جاری کئے جائیں گے۔ جمعرات کو نمائندہ جنگ کو انٹر ویو میں احسان مانی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے لال چند راجپوت کو پاکستان آنے سے روک کر اچھا نہیں کیا۔ اس سے کرکٹ کمیونٹی کو منفی تاثر دیا گیا اور پاکستان میں کرکٹ کو نقصان پہنچانے کی سازش کی گئی ہے۔ میں خود یا وسیم خان آئی سی سی حکام کے سامنے یہ کیس پیش کررہے ہیں۔