مزا ر قائد کی بے حرمتی پر پی ڈی ایم جماعتوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، فیصل محمود

October 24, 2020

لندن( پ ر ) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے سینئر نائب صدر مرزا فیصل محمود نے کہا کہ ریٹائرڈ کیپٹن صفدر اعوان کی گرفتاری کو سب نے موضوع بحث بنایا ہوا ہے لیکن بانی پاکستان کے مزار کی بے حرمتی پر پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں خاموش ہیں۔کراچی جلسہ میں قومی زبان کیخلاف زہر اگلا گیا،اس کی بھی کسی جماعت یا رہنما کی طرف سے مذمت نہیں کی گئی۔ملکی اداروں کے خلاف جو زہر اگلا گیا اس پر بھی پی ڈی ایم کی جماعتیں خاموش ہیں۔کراچی جلسہ میں کرپٹ نظام حکومت اور کرپشن کرنے والوں کے خلاف پی ڈی ایم رہنماؤں نے کیوں کوئی بات نہیں کی۔کراچی کو اس کے حقوق دینے کی بات نہیں کی گئی، پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں نے جمہوریت کی نرسری بلدیاتی الیکشن کروانے اور بلدیاتی اداروں کو مضبوط کرنے کی بات کیوں نہیں کی۔پہلے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت نے کراچی پیکیج کے نام پر کراچی والوں کو لولی پوپ دینے کی کوشش کی اور اب پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں نے کراچی کے زخموں پر نمک پاشی کی جس کی ہم شدید مذمت کرتےہیں اور وفاقی اور صوبائی حکومت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ کراچی کی عوام اپنے حقوق سے غافل نہیںہےاور 8 نومبر کو جناح پارک میں اپنا فیصلہ سنائے گی۔