بالی ووڈ کی معروف ڈانسر اور اداکارہ نورا فتحی نے ممبئی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے کے بعد اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کردیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جاری کردہ اسٹوریز میں نورا فتحی نے مداحوں سے نشے کی حالت میں ڈرائیونگ نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک حادثے کے دوران میرا سر گاڑی کی کھڑکی سے ٹکرا گیا تھا، اس زور دار جھٹکے کے باعث مجھے اب بھی سر میں درد محسوس ہو رہا ہے۔ اس کے باوجود میں زندہ اور محفوظ ہوں، اس کا شکر ہے، الحمد للّٰہ۔
اس حوالے سے انہوں نے مختلف انسٹااسٹوریز جاری کی ہیں، جن میں انہوں نے کہا کہ میں صرف یہ بتانے آئی ہوں کہ میں ٹھیک ہوں۔ جی ہاں، آج دوپہر 3 بجے میری گاڑی سنگین حادثے کا شکار ہوگئی تھی، نشے میں دھت ایک شخص نے اپنی گاڑی سے میری گاڑی کو ٹکر ماری، اور بدقسمتی سے یہ بہت شدید تھی جس کے باعث میں گاڑی کے اندر ایک طرف جا گری۔ میرا سر کھڑکی سے ٹکرا گیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں زندہ ہوں اور ٹھیک ہوں، معمولی زخم، سوجن اور ہلکا سا کنکشن کے علاوہ سب ٹھیک ہے۔ میں اس پر شکر گزار ہوں۔ یہ واقعہ بہت بُرے انجام تک پہنچ سکتا تھا، لیکن میں یہاں یہ کہنے آئی ہوں کہ اسی لیے نشے میں گاڑی نہیں چلانی چاہیے۔ ویسے بھی مجھے ابتدا سے ہی شراب سے نفرت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نورا فتحی اپنی ٹیم کے ہمراہ سن برن فیسٹیول میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں کہ ایک نشے میں دھت ڈرائیور نے ان کی گاڑی کو زوردار ٹکر مار دی تھی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹروں نے اندرونی خون بہنے کے خطرے کو مسترد کرنے کے لیے فوری ان کا سی ٹی اسکین کیا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ گاڑی کو ٹکر کے نتیجے میں نورا فتحی کو کنکشن ہوا ہے۔
آرام کے مشورے کے باوجود نورا فتحی اسپتال سے فارغ ہوتے ہی سیدھا کنسرٹ میں پہنچیں اور سن برن 2025ء میں پرفارم کیا، مداحوں نے ان کے اس جذبے کو بھرپور طریقے سے سراہا ہے۔