اگر جاوید میانداد نہ ہوتا تو وسیم اکرم بھی نہ ہوتا: وسیم اکرم

October 24, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے ساتھی کھلاڑی جاوید میانداد کی تعریف میں ایک پیغام شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ اگر جاوید میانداد نہ ہوتا تو یقیناً کوئی وسیم اکرم بھی نہ ہوتا۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر جاوید میانداد کے ساتھ لی گئی ایک یادگار تصویر شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ ’یہ وہ لمحہ تھا کہ جب 1984 میں راولپنڈی میں یہ 17 سالہ نوجوان پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کیلئے منتخب ہوا۔ ‘

وسیم اکرم نے ٹیم میں شمولیت کا سہرا لیجنڈری بیٹسمین اور سابق کپتان جاوید میانداد کے سر باندھا اور لکھا کہ ’اگر جاوید میانداد نہ ہوتے تو وسیم اکرم نہ ہوتا۔‘

وسیم اکرم کا شمار کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین فاسٹ بالرز میں ہوتا ہے۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں 500 وکٹیں لینے والے پہلے بالر تھے۔

اس سے قبل سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے آٹھویں نمبر پر آکر سب سے زیادہ رنز بنا کر عالمی اعزاز اپنے نام کرنے والے دن کو اپنی زندگی کا ناقابلِ فراموش دن قرار دیا تھا۔

وسیم اکرم ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں، انہوں نے 1996 میں زمبابوے کے خلاف شیخوپورہ ٹیسٹ میں ناقابلِ شکست257 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جسے 23 برس گزر جانے کے بعد بھی کوئی اُن سے نہیں چھین سکا۔