کورونا سے روزانہ کی بنیاد پر 90ہزار تک لوگ متاثر ہوسکتے ہیں، پیٹرک والنس

October 25, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ)برطانوی حکومت کے چیف سائنسی مشیر پیٹرک والنس نے کورونا وائرس کی دوسری ممکنہ لہر پر متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا انفیکشن سے روزانہ کی بنیاد پر 53سے 90ہزار افراد متاثر ہو سکتے ہیں، انفیکشن کی شرح پر قابو پانے کیلئے انتہائی ٹھوس اور سخت اقدامات اٹھانا ہونگے، ڈائوننگ اسٹریٹ میں ایک بریفنگ کے دوران پیٹرک والنس نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں خوفناک اضافے سے د ل اور کینسر کی بیماری میں مبتلا مریضوں کی دیکھ بھال بھی سخت متاثر ہوتی ہے اس سے نہ صرف ہیلتھ کیئر سسٹم پر دبائو بڑھتا ہے بلکہ مسائل میں اضافہ اور اس سے نمٹنے کی صلاحیت کم ہوجاتی ہے لہذا ہسپتالوں کے عملے کو اضافی بوجھ سے نجات دلانے کیلئے کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی لانا ضروری ہے اور اسکے لیے انفیکشن کی شرح پر قابو پانا ہوگا جو تیز ی کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے اس سے مریضوں کی تعداد خوفناک حد تک پہنچ سکتی ہے محتاط انداز کے مطابق دو سے تین ہفتوں کے دوران شرح دوگنا بڑھی ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے انہوں نے کہا کہ انفیکشن کا پھیلائو روکنے کیلئے چہرے پر ماسک کا استعمال ‘ سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر سختی کیساتھ عمل کرانے کی ضرورت ہے دنیا کے مختلف ممالک کورونا ویکسین کی تیاری کیلئے کام کر رہے ہیں مگر جب تک کوئی واضح کامیابی مل نہیں جاتی ہمیں احتیاطی تدابیر سے کام چلانا ہوگا۔