حکومت نے ملک میں آئینی بحران پیدا کردیا ہے، مصطفیٰ کمال

October 26, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں آئنی بحران پیدا کردیا ہے، تاریخ کی بدترین مہنگائی، تاریخی بے روزگاری بدترین عروج پر ہے، کاروبار ٹھپ اور آمدنی بدترین تنزلی پر ہے، اس سب سے بڑی ذمہ داری ملک کے وزیر اعظم پر آتی ہے۔ اس صورتحال کے باعث جہاں غریب مر رہا ہے وہاں اسکے گھر والے قبر اور کفن کیلئے بھی مقروض ہو رہے ہیں۔انخیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہائوس کراچی میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں و کارکنان کی پی ایس پی میں شمولیت سے متعلق منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے جس گیئر پر اپنی الیکشن مہم چلائی اسی گئیر میں حکومت میں آگئے، عوام کو بھول کر اپوزیشن یاد رہی۔ ملک اس وقت آٹو پر چل رہا ہے۔ وزیر اعظم نے نیب چیئرمین، الیکشن کمیشنر اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا سربراہ بھی اپوزیشن کی مشاورت سے لگانا ہوتا ہے لیکن حکومت نے ملک میں آئینی بحران پیدا کر دیا ہے۔