پاکستان میں چین کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 85 فیصد اضافہ

October 27, 2020

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان میں چین کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 85.74 فیصداضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔سرمایہ کاری بورڈ اورسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد وشمارکے مطابق جولائی سے لےکرستمبر2020 تک کی مدت میں چین کی جانب سے پاکستان میں مجموعی طورپر102.9 ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی جو پیوستہ مالی سال کی اسی مدت کےمقابلہ میں 85.74 فیصد زیادہ ہے، گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چین کی جانب سے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کاحجم 55.4ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق پہلی سہ ماہی میں چین کی پورٹ فولیوسرمایہ کاری کا حجم -0.8 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا، گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کی پورٹ فولیوسرمایہ کاری کاحجم صفرریکارڈکیاگیاتھا۔ ستمبر2020 میں چین کی پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 96.4 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا۔