بھارت، متنازع شہریت قانون کا تنازع دوبارہ ابھارنے کی کوشش

October 27, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے سرد خانے میں جانے والے متنازع شہریت ترمیمی قانون کو ہندو انتہا پسند جماعتوں نے ایک بار پھر سے ابھارنے کی دانستہ کوششیں تیز کردی ہیں۔ پہلے حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر اور اب انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے اس حوالے سے بیانات دے کر معاملے کو ایک بار پھر گرم کر دیا ہے۔ بی جے پی کی مربی تنظیم آرایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے ہندووں کے تہوار دسہرا کے موقع پر اپنے خصوصی سالانہ خطاب میں کہا، ”سی اے اے کا مقصد کسی سماج کی مخالفت نہیں ہے۔ اس نئے قانون کی مخالفت کرنے والے مسلم بھائیوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ سی اے اے کا استعمال کرکے موقع پرست افراد مخالفت کے ذریعے منظم تشدد پھیلارہے ہیں۔ وہ مسلمانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اس قانون کا مقصد مسلم آبادی کو قابو میں کرنا ہے۔"