شدید سیکیورٹی رسک کا سامنا ہے: کیپٹن ریٹائرڈ صفدر

October 27, 2020

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے محکمۂ داخلہ کو درخواست دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مشکوک ایف آئی آرز کے باعث شدید سیکیورٹی رسک کا سامنا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے داماد اور مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے وزارتِ داخلہ کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کی درخواست دےدی۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکے وکیل جہانگیر جدون نے سیکیورٹی کے لیے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔

درخواست میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے گزارش کی گئی ہے کہ مشکوک ایف آئی آرز کے باعث شدید سیکیورٹی رسک کا سامنا ہے۔


درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان بھر میں اپنی اہلیہ مریم نوازکے ہمراہ سیاسی مصروفیات میں حصہ لیتا ہوں، نیب اور ایف آئی اے سمیت متعدد سیاسی طور پر بنائے گئے کیسز کا سامنا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ چاروں صوبوں کے آئی جی پولیس کو کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سیکیورٹی کی ہدایت دی جائے۔