حکومت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے، ساتھ دیں گے، میاں افتخار

October 27, 2020


عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی سیکریٹری جنرل میاں افتخار حسین نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کروادی ہے۔

میاں افتخار حسین نے پشاور میں مدرسے میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائے تو سیاست سے بالا ہو کر ان کا ساتھ دیں گے۔

مرکزی سیکریٹری جنرل اے این پی نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت کا قبلہ درست کروانے کے لیے اپوزیشن اپنی تحریک جاری رکھے گی۔

میاں افتحاد حسین نے کہا کہ نیکٹا سے تھریٹ الرٹ جاری ہونے کے اقدامات اٹھانا بھی حکومت کی ذمے داری ہے۔

واضح رہے کہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کوہاٹ روڈ پر واقع مسجد و مدرسے میں آج صبح دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 112 زخمی ہوگئے تھے۔