فلپائن: مرغوں کی لڑائی، پنجے پر لگا بلیڈ لگنے سے پولیس افسر ہلاک

October 27, 2020

فلپائن میں مرغوں کو لڑانے کے غیر قانونی کھیل پر پولیس کے چھاپے کے دوران مرغے کے پنجے پر لگا تیز دھار بلیڈ لگنے سے ایک پولیس افسر ہلاک ہوگیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فلپائن میں مرغے لڑانا ایک مقبول ترین خُونی کھیل ہے جہاں لڑائی کے نتیجے (عموماً مرغے کی موت) پر شرط لگائی جاتی ہے۔

اس غیر قانونی کھیل کے دوران مرغوں کے پنجوں پر تیز دھار بلیڈ باندھ کر انہیں لڑنے کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کھیلوں اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اس لڑائی پر بھی پابندی لگا دی گئی تھی۔

پولیس افسر کی موت کا یہ واقعہ گزشتہ روز شمالی سمار صوبے میں اس وقت پیش آیا جب پولیس افسر نے اس غیر قانونی کھیل کے مقام پر چھاپے کے دوران ایک مرغے کو بطور ثبوت پکڑا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چھاپے کے دوران ایک مرغے کے پنجوں پر بندھے بلیڈ نے پولیس افسر کی بائیں ران کو زخمی کیا جس سے اس کی رگ کٹ گئی اور زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے وہ ہلاک ہوگیا۔

واقعے کے بعد تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ بلیڈز کے دو سیٹس اور لڑنے والے دو مرغوں کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔