پہلی کورونا ویکسین وائرس کے خلاف زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہوگی، برطانوی ٹاسک فورس

October 28, 2020

برطانیہ کی کورونا ویکسین ٹاسک فورس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پہلی کورونا ویکسین وائرس کے خلاف بہت زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہوگی۔

کورونا ٹاسک فورس سربراہ کیٹ بنگھم کا کہنا ہے کہ اس بات کا بہت حد تک امکان ہے کہ پہلی کورونا ویکسین وائرس سے بچاؤ نہ کرسکے اور سب کے لیے کار آمد نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائر س کی ویکسین سے ہمیں بہت زیادہ توقعات وابستہ نہیں کرنی چاہئیں، پہلی کورونا ویکسین وائرس کو ختم نہیں بلکہ اس کے اثرات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 کروڑ سے زیادہ ہوگئی

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 کروڑ 38 لاکھ 17 ہزار 289 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 11 لاکھ 65 ہزار 110 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 4 لاکھ 51 ہزار 818 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 79 ہزار 103 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 کروڑ 22 لاکھ 361 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے کیسز کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 31 ہزار 45 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 89 لاکھ 62 ہزار 783 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 28 لاکھ 97 ہزار 914 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 16 ہزار 611 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 58 لاکھ 33 ہزار 824 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں کورونا سے 1 لاکھ 19 ہزار 535 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 79 لاکھ 46ہزار 429 ہو گئی۔

کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے جہاں یہ وائرس 1 لاکھ 57 ہزار 451 زندگیاں نگِل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 54 لاکھ 11 ہزار 550 تک جا پہنچی ہے۔