شاداب فٹ نہیں، دو روز انجری چھپانے کے بعد پی سی بی کا اعتراف

October 29, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو دن سےنائب کپتان شاداب خان کی انجری چھپانے کے بعد آخر کار ان کے ان فٹ ہونے کا اعتراف کر ہی لیا ۔ ون ڈے سیریزمیں ان کی شرکت غیر یقینی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ شاداب خان کا ری ہیب جاری رہے گا اور دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ان کی شرکت کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ بدھ کی شب پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ شاداب خان زمبابوے کے خلا ف پہلے ایک روزہ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعے کو عثمان قادر ون ڈے ڈیبیو کریں گے۔ شاداب نے 23 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کے بعد اپنی بائیں ٹانگ میں کھنچائوکی شکایت کی تھی۔