پاکستان: کورونا وائرس کے مزید 908 کیسز، 16 اموات

October 29, 2020


پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں پاکستان 25 ویں نمبر پر آ چکا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روزملک بھرمیں کورونا وائرس کے 29 ہزار 449 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 43 لاکھ 76ہزار 604 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 908 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 16 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 824 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 108 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 775 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 11 ہزار 695 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 624 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 12 ہزار 638 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 44 ہزار 765 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 611 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 1 لاکھ 3 ہزار 587 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 ہزار 347 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 39 ہزار 277 ہو چکی ہے جبکہ اس سے اموات 1 ہزار 273 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 19 ہزار 454 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں جبکہ 215 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 15 ہزار 876 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 149 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 4 ہزار 211 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 92 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 3 ہزار 938 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 88 مریض وفات پا چکے ہیں۔