حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا جشن ولادت آج منایا جارہا ہے

October 30, 2020


سرور کون و مکاں رحمت اللعالمینﷺ کی آمد کا جشن آج منایا جارہا ہے، اس سلسلے میں مساجد ،سرکاری عمارتوں، گلیوں اور محلوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔

کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عیدمیلادالنبیﷺ کے سلسلے میں جلوس برآمد کئے جائیں گے۔

کراچی میںرات گئے بھی شہریوں نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی آمد کا جشن بھرپور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا۔ شہریوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے اور ذکر و اذکار کی محافل کا بھی انعقاد کیا گیا۔

عیدمیلادالنبی ؐ کا مرکزی جلوس کراچی میں3بجے سہ پہر نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے امیرجماعت اہلسنّت پاکستان کراچی علامہ سید شاہ عبدالحق قادری ودیگر علماءمشائخ و قائدین اہلسنّت کی قیادت میں برآمد ہوگا۔

علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں سے بھی چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ کراچی میں جلوس کے پیش نظر ٹریفک کا متبادل پلان جاری کردیا گیا ہے۔