جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

October 30, 2020

بنگلا دیش میں اگلے برس جنوری میں شیڈول جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا۔

ایشین ہاکی فیڈریشن کے مطابق ایونٹ کوویڈ 19 کی موجودہ صورتحال کے باعث ملتوی کیا گیا ہے۔

جونیئر ایشیا کپ ہاکی اگلے برس ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام جنوری میں ڈھاکا میں کھیلا جانا تھا مگر کوویڈ 19 کی صورتحال کے پیش نظر اسے ملتوی کردیا گیا ہے۔

اس معاملے پر ایشین ہاکی فیڈریشن کے سی ای او طیب اکرام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل آصف باجوہ کے درمیان تفصیلی گفتگو ہوئی۔

آصف باجوہ نے سی ای او ایشین ہاکی فیڈریشن کو جونیئر ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں کے بارے میں بتایا۔

پی ایچ ایف کے سیکریٹری کے مطابق ٹیم کی عمدہ ٹریننگ کے لیے پاک آرمی کے بہترین ٹرینر کی زیر نگرانی فٹنس کیمپ کا اہتمام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فٹنس کیمپ کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں لیکن کوویڈ 19 کی وجہ سے ایونٹ ملتوی ہونے پر افسوس ہے۔

آصف باجوہ نے مزید کہا کہ حکومتی ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے جونیئر ہاکی ٹیم کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔