ایل او سی پر فائرنگ، پاکستان کا شدید احتجاج، بھارتی سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی

November 01, 2020

اسلام آباد (نامہ نگارخصوصی)پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفترخارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے،نیزہ پیر، رکھ چکری سیکٹر میں فائرنگ سے 2 شہری زخمی ہوئے، دریں اثناء ترکی میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطا بق ایل او سی پر کشیدگی بڑھانے کی کوششیں امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہیں، بھارت جنگ بندی سمجھوتے کا احترام ، دانستہ خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرائے،قا بض بھارتی فورسز کی طرف سے لائن آف کنٹرول سے ملحقہ علاقوں میں بھاری ہتھیاروں کے ساتھ بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2بے گناہ شہریوں کے زخمی ہونے پر سینئربھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا گیا۔ 29 اکتوبر کو لائن آف کنٹرول پربھارتی افواج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور نیزہ پیر اور رکھ چکری سیکٹر میں شہری آباد پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے 2 شہری 22 سالہ رخسانہ شاہین دختر محمد اقبال اور 36 سالہ محمد اعظم ولد چنن دین شدید زخمی ہوگئے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ قابض بھارتی فوج ’ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر عام شہری آبادی کو آرٹلری اور بھاری وخودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔