گستاخانہ خاکوں سے اقلیتی برادری کی بھی دل آزاری ہوئی،دنیش کمار

November 01, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کی اقلیتی برادری کے سیاسی و مذہبی رہنماوں نے فرانس میں نبیؐ کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کو ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر موثر عملی اقدامات ناگزیر ہے۔یہ بات صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور دنیش کمار ، پادری سائمن بشیر ، سردار جسبیر سنگھ ، شوکت اسٹیفن اور کوئٹہ ہندو پنچائیت کے صدر راج کمار نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے اقلیتی برادری کے زیراہتمام مظاہرے سے خطاب میں کیا ۔ قبل ازیں مسجد روڈ پر واقع مندرسے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی ۔ اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور دنیش کمار نے کہا کہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے جس طرح پوری امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے اسی طرح اقلیتی برادری کی بھی دل آزاری ہوئی ہے کیونکہ حضوراکرمﷺ رحمت مسلمین نہیں بلکہ رحمت العالمین بن کر آئے، تمام اقلیتی برادری گستاخانہ خاکوں کی مذمت کرتی ہے۔انہوں نے فرانسیسی صدر پر زوردیا کہ وہ اظہار رائے کی آزادی کا نعرہ لگاکر دنیا کے امن کو تباہ کرنے والے اقدامات کی حمایت نہ کریں ،انہوں نےفرانس سمیت پوری دنیا سے مطالبہ کیا کہ اظہاررائے کی آڑ میں گستاخی کاسلسلہ بند کیا جائے، کیونکہ اس قسم کا اقدام کوئی انسان برداشت نہیں کرسکتا ۔پاد ری سائمن بشیر نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری گستاخانہ خاکوں کی نہ صرف شدید مذمت کرتی ہے بلکہ فرانس کی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس اقدام پر فوری معافی مانگے۔یورپ سمیت دنیا میں ایسی قانون سازی کی جائے کہ جس کے تحت کسی بھی مذہب یا اسکی مذہبی شخصیات کی گستاخی پر سزائیں دی جائیں۔سکھ برادری کے رہنماء سردارجسبیرسنگھ نے کہا کہ آج نہ صرف امت مسلمہ بلکہ اقلیتی برادری بھی گستاخانہ خاکوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ مظاہرے سے عیسائی برادری کے رہنما شوکت اسٹیفن اور کوئٹہ ہندو پنچائیت کے صدر راج کمارنے بھی خطاب کیا۔