پاکستانیوں کو فرانس سے نکالنے کی بھارتی خبریں جھوٹی ہیں، ترجمان دفترخارجہ

November 02, 2020

اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی)بھارتی حکومت اور میڈیا کی طرف سے فرانس میں توہین آمیز خاکوں پر روایتی گھنائونی سیاست کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت خارجہ نے بھارتی میڈیا کی طرف سے فرانس میں موجود پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے کی جھوٹی خبروں کانوٹس لیتے ہوئے ان خبروں کی تردید کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے اپنے کردہ بیان میں کہا ہے کہ بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پاکستانیوں کو فرانس سے نکالنے کی خبروں کو پھیلایا گیا جس میں کوئی صداقت نہیں اور یہ مکمل طور پر جعلی خبریں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بے بنیاد اور گمراہ کن معلومات واضح طور پر پاکستان مخالف بھارتی پروپیگنڈا مشین کا ایک ہاتھ ہے۔ فرانس میں پاکستانی قانون کی پاسداری اور معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

زاہد حفیظ نے کہا کہ حالیہ پیشرفت کے بعد فرانس میں موجود پاکستانیوں کے خلاف کسی قسم کی مشکلات کی کوئی شکایت نہیں۔