جو بائیڈن کی انتخابی مہم کیلئے باراک اوباما باسکٹ بال کھلاڑی بن گئے

November 02, 2020


امریکا کے سابق صدر باراک اوباما ڈیموکریٹس کے صدارتی امیدوار جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے دوران باسکٹ بال کھلاڑی بن گئے۔

خیال رہے کہ امریکا میں نئی حکومت کے قیام کے لیے انتخابات کا سلسلہ جاری ہے جس کے لیے ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس اپنے امیدوار کی انتخابی مہم کے سلسلے میں مصروف ہیں۔

ایسے میں ڈیموکریٹکس کی جانب سے امریکا کے صدر رہنے والے باراک اوباما بھی اپنی جماعت کے امیدوار جو بائیڈن کے لیے انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔

ڈیموکریٹس کی جانب سے جو بائیڈن کو امریکا کا صدارتی امیدوار نامزد کیا گیا ہے جو اوباما انتظامیہ کے دوران نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔

اوباما اس وقت ریاست مشیگن میں موجود ہیں جہاں وہ ایک باسکٹ بال کورٹ میں غیر رسمی طور پر باسکٹ بال کھیلتے ہوئے دکھائی دیے۔

سوشل میڈیا پر انھوں نے خود کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بال کو باسکٹ کرنے کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ باراک اوباما تھری پوائنٹ لائن سے گیند کو اچھال کر اسے سیدھا باسکٹ کروادیتے ہیں۔

ان کے بال تھری پوائنٹ لائن سے باسکٹ کرنے پر کورٹ میں موجود دیگر افراد حیران رہ جاتے ہیں جبکہ اس موقع پر باراک اوباما کہتے ہیں کہ ’یہی تو میں کرتا ہوں‘۔

سوشل میڈیا پر باراک اوباما کی اس صلاحیت پر دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔