عامر لیاقت اہلیہ سمیت کورونا وائرس میں مبتلا

November 06, 2020

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین اپنی اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر سمیت عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے شکار ہوگئے ہیں۔

اس حوالے سے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں اور میری اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر کورونا وائرس کی زد میں آگئے ہیں۔‘

اپنے بیان میں عامر لیاقت حسین نے قرآن پاک کی آیت بھی لکھی اور اپنے چاہنے والوں کو بتایا کہ ’وہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے کے لیے ادرک، لہسن، کلونجی، لونگ اور دارچینی کا استعمال کررہے ہیں جس سے اُن کی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔‘

عامر لیاقت حسین نے اپنے تمام چاہنے والوں سے دُعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی اہلیہ سیدہ طوبیٰ عامر نے بھی سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی صحت سے متعلق پیغام جاری کیا ہے۔


سیدہ طوبیٰ عامر نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں کہا کہ ’میرا اور میرے شوہر عامر لیاقت حسین کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد ہم نے گھر میں ہی خود کو آئسولیٹ کرلیا ہے۔‘

سیدہ طوبیٰ عامر نے بھی اپنے چاہنے والوں سے دُعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں آپ کی دُعاؤں کی بے حد ضرورت ہے، اللّہ پاک تمام مریضوں کو جلد صحتیابی عطا کرے آمین۔‘

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار 251 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 923 تک جا پہنچی ہے۔