الیکشن کمیشن: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اہلیہ کے اثاثوں کی تفصیلات

November 09, 2020


الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں۔

ای سی پی نے صادق سنجرانی کے ساتھ ان کی اہلیہ کے اثاثوں کی تفصیل بھی جاری کی ہیں، جن کے مطابق چیئرمین سینیٹ کی 5 کروڑ 53 لاکھ کی غیرمنقولہ جائیداد ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صادق سنجرانی کی چاغی، خاران، کوئٹہ، دالبدین میں وراثتی زرعی اراضی اور دکانیں ہیں۔

چیئرمین سینیٹ کی اسلام آباد فتح جنگ روڈ، راولپنڈی اور گوادر میں بھی اراضی ہے جبکہ ان کی پاکستان سے باہر کوئی غیر منقولہ جائیداد نہیں ہے۔

ای سی پی کے مطابق صادق سنجرانی کے پاکستان میں 3 کروڑ 30 لاکھ روپے کے کاروباری اثاثے ہیں جبکہ ملائشیا میں ایک غیر فعال کاروباری سرمایہ ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے پاس 41 لاکھ 40 ہزار روپے کے پرائز بانڈ ہیں جبکہ انہوں نے رشتے داروں کو 15 لاکھ روپے کا قرض بھی دے رکھا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے پاس 69 لاکھ 42 ہزار روپے مالیت کی 4 گاڑیاں اور بینک اکاؤنٹ میں 47 لاکھ روپے کیش موجود ہے۔

ای سی پی کے مطابق صادق سنجرانی کی اہلیہ کے نام پر بارہ کہو میں 5 کنال کا فارم ہاؤس ہےجبکہ وہ 1 کلو 500 گرام سونے کی مالک بھی ہیں۔