کورونا وائرس کی ویکسین کے آنے میں کئی ماہ لگیں گے: جو بائیڈن

November 10, 2020

امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی منظوری کے بعد اس کے آنے میں بھی کئی ماہ لگیں گے۔

ایک بیان میں امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کے استعمال کی منظوری سائنس کی روشنی میں ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ مستند ذریعے سے منظور ہونے والی ویکسین ہی عوام کے لیے قابلِ بھروسہ ہو گی۔

نو منتخب امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ویکیسن کی اچھی خبر کے باوجود امریکا موسمِ سرما کے سخت دنوں سے گزرے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اس سے اموات میں اب بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہم سائنس کی پیروی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام ماسک ضرور پہنیں، اس سے ہزاروں زندگیاں محفوظ ہو سکتی ہیں۔

جو بائیڈن نے یہ بھی کہا ہے کہ صدارت کا حلف اٹھانے کے بعد ہماری کورونا ٹیم بھرپور طریقے سے کام کرے گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 44 ہزار 449 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 4 لاکھ 22 ہزار 26 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 36 لاکھ 24 ہزار 813 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 18 ہزار 955 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 65 لاکھ 52 ہزار 764 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔