کورونا وائرس ایس او پیز پر عوام کا رویہ غیرسنجیدہ ہے، ڈاکٹر عذرا پیچوہو

November 11, 2020

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ کورونا سے بچاؤ، حفاظتی تدابیر پر عوامی رویہ غیرسنجیدہ ہے، ملک میں کورونا کے کیس تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔

وزیر صحت سندھ نے یہ بات سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے کراچی سے جاری ایک بیان میں کہی۔

انھوں نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں 500 سے زائد کیس سامنے آئے ہیں۔ لوگ یا تو ماسک نہیں پہنتے یا صحیح طریقے سے نہیں پہن رہے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے مزید کہا کہ سمجھنا ہوگا کہ ماسک کا مقصد منہ اور ناک ڈھکنا ہے۔ لوگ دوسروں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ بات بھی نہیں بھولنی چاہیے کہ کورونا جان لیوا وبا ہے۔ کیس بڑھ جانے پر ہمارا ہیلتھ عملہ بھی براہ راست متاثر ہوگا۔ یہ بہت ضروری ہے کہ کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائے۔