کورونا سے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقاراحمد سیٹھ سمیت35 جاں بحق، چیئرمین این ڈی ایم اےاور راجہ پرویز اشرف متاثر

November 13, 2020

کراچی، پشاور، اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز، خبر ایجنسی) کورونا ، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ سمیت 35جاںبحق، وقار احمد سیٹھ اسلام آبادکے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے،پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کا یوم سوگ کا اعلان، چیئرمین این ڈی ایم اے اور راجہ پرویز اشرف بھی کورونا سے متاثر ہوگئے۔

دوسری جانب ملک بھر میں مزید 1808نئے کیسز سامنے آگئے،ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعدادساڑھے 3لاکھ، 3لاکھ 21ہزار صحتیاب، فعال کیسز22ہزار سے تجاوز کرگئے۔

تفصیلات کےمطابق کورونا وائرس سے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ انتقال کرگئے، ترجمان پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے بیان کے مطابق چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ اسلام آبادکے کلثوم انٹر نیشنل اسپتال میں زیرعلاج تھے،وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔

پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار نے کل ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے اور اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ جسٹس وقار سیٹھ کے انتقال سے ملک بہترین منصف سے محروم ہوگیا،چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ کی نمازجنازہ کل دوپہرڈھائی بجےکرنل شیرخان اسٹیڈیم پشاورمیں اداکی جائے گی۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف بھی اس وبا سے محفوظ نہیں رہ سکے ،این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور وہ 9 نومبر سے قرنطینہ میں ہیں اور زیر علاج ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے گھر سے دفتری ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔دوسری جانب سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے پرویز اشرف کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد نے تمام مصروفیات منسوخ کر دی ہیں، پارٹی کارکنوں اور ہمدردوں سے دعا کی اپیل ہے۔

علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اعداد وشمار جاری کر دیئے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 808 افراد کے کووڈ۔19ٹیسٹ مثبت آئے اور 34 افراد اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 20 ہزار 849 ہو چکی ہے۔

بلوچستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹی لیٹرز پر نہیں جبکہ ملک بھر میں وینٹی لیٹرز پر کووڈ۔19 کے 189 مریض ہیں، ملک بھر میں فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار 88 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 لاکھ 49 ہزار 992 ہے،ملک بھر میں کووڈ۔19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 55 ہے ۔

دوسری جانب سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 14مریض انتقال کر گئے جبکہ 979نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ کے 979 کورونا کیسز میں سے 789 نئے کیسز کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی میں 311، ضلع جنوبی222، ضلع وسطی 89 ،کورنگی 74 ، ملیر 70 اور ضلع غربی میں سے 23 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس اور کلفٹن کے متعدد ریسٹورنٹس کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بند کردیا گیاہے،ڈپٹی کمشنر جنوبی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے کلفٹن بلاک 2 میں 5 ریسٹورنٹس کو سیل کردیا۔

کراچی کے ضلع جنوبی کے علاقے کلفٹن بلاک 2 اور کھڈا مارکیٹ پر انتظامیہ نے چھاپے مارے۔ ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی(ڈی ایچ اے)کے علاقے کھڈا مارکیٹ میں بھی کرونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 2ریسٹورنٹس کو بند کروا دیا گیا، متعلقہ ریسٹورنٹس میں نافذ کردہ اوقات کار کی پابندی نہیں کی جا رہی تھی۔