اقوام متحدہ، پاکستان کی تخفیف اسلحہ پر قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور

November 13, 2020

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی تخفیف اسلحہ بارے قراردادیں بھاری اکثریت سے منظور کرلیں۔ چین اور جاپان نے قرار داد کی حمایت کی تاہم امریکہ، بھارت اور یورپی ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔اقوام میں پاکستان کے مستقل مشن کے ٹوئٹر اکائونٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی کمیٹی نے جوہری ہتھیار نہ رکھنے والے ممالک کو جوہری اسلحہ کے استعمال کی دھمکی یا ان کے استعمال سے تحفظ کی یقین دہانی کے معاہدے بارے پاکستان کی پیش کردہ قرار داد بھاری اکثریت سے منظور کر لی۔ جس کی 193 رکنی جنرل اسمبلی بھی جلد منظوری دیگی۔ پاکستان کی طرف سے یہ قرارداد جس کا عنوان ’جوہری ہتھیار نہ رکھنے والے ممالک کو جوہری اسلحہ کے استعمال کی دھمکی یا ان کے استعمال سے تحفظ کی یقین دہانی بارے موثر بین الاقوامی انتظامات کی تکمیل‘ہے تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کے امور سے متعلق جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں پیش کی گئی قرار داد کی حمایت میں 119 ووٹ پڑے جبکہ کسی بھی رکن نے اس قرار داد کی مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔