دنیا میں کورونا وائرس سے 12 لاکھ 99 ہزار ہلاکتیں

November 13, 2020


دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 30 لاکھ 91 ہزار 981 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 12 لاکھ 99 ہزار 407 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 45 لاکھ 79 ہزار 718 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 95 ہزار 725 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 کروڑ 72 لاکھ 12 ہزار 856 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 48 ہزار 585 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 8 لاکھ 73 ہزار 936 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 38 لاکھ 97 ہزار 231 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 19 ہزار 261 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 67 لاکھ 28 ہزار 120 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس سے 1 لاکھ 28 ہزار 686 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس موذی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 87 لاکھ 28 ہزار 795 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی اس فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے جہاں یہ جان لیوا وائرس 1 لاکھ 64 ہزار 332 زندگیاں نگِل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 57 لاکھ 83 ہزار 647 تک جا پہنچی ہے۔

فرانس میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 42 ہزار 960 ہو چکی ہیں، جہاں اس کے اب تک کل کیسز 18 لاکھ 98 ہزار 710 رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 32 ہزار 32 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 18 لاکھ 58 ہزار 568 ہو چکی ہے۔

اسپین میں کورونا وائرس کی وباء سے اموات 40 ہزار 461 ہو گئیں جبکہ اب تک اس کے 14 لاکھ 84 ہزار 868 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات دوبارہ تیزی بڑھنے لگیں، یہاں اس سے اموات 50 ہزار 928 تک جا پہنچی ہیں جبکہ کورونا وائرس کے کیسز 12 لاکھ 90 ہزار 195 ہو چکے ہیں۔

ارجنٹینا میں کورونا وائرس 34 ہزار 782 زندگیاں نگِل چکا ہے، جبکہ اب تک اس کے 12 لاکھ 84 ہزار 519 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کولمبیا میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 33 ہزار 491 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 11 لاکھ 74 ہزار 12 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے مریضوں اور اس سے اموات میں اضافے کے ساتھ اٹلی اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر آ گیا ہے جہاں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 43 ہزار 589 ہو گئی جبکہ کیسز 10 لاکھ 66 ہزار 401 ہو گئے۔

سعودی عرب اسی فہرست میں 28 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 5 ہزار 605 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں اس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 52 ہزار 160 تک جا پہنچی ہے۔

1 ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین اس فہرست میں 60 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 86 ہزار 307 ہو چکی ہے تاہم اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات میں کمی کے بعد اب کورونا کیسز اور اس سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں پاکستان 28 ویں نمبر سے 27 ویں پر آگیا ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 52 ہزار 296 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 7 ہزار 92 تک جا پہنچی ہے۔

کورونا وائرس کے ملک بھر میں 23 ہزار 641 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 ہزار 219 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 3 لاکھ 21 ہزار 563 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔