لاہور: ای چالان والی 83 نادہندہ گاڑیاں پکڑی گئیں

November 13, 2020

سیف سٹی اتھارٹی کی نشاندہی پر لاہور میں 83 ای چالان والی نادہندہ گاڑیاں پکڑلی گئیں۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی کی نشاندہی پر وارڈنز نے ان 83 گاڑیوں کو تھانے میں بند کر دیا ہے۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان 83 گاڑیوں کے مالکان کے ذمے واجب الادا کل رقم41 ہزار 300 روپے ہے۔

اس سے قبل لاہور میں سیف سٹیز اتھارٹی نے نادہندگان کو ای چالان ایس ایم ایس کے ذریعے بھیجنے کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

سیف سٹیزاتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ایکسائز ریکارڈ میں موجود موبائل نمبر پر گاڑی کے مالک کو ای چالان کا میسج بھیجا جائے گا، ابتدائی مرحلے میں 5 یا 5 سے زائد ای چالان نادہندہ گاڑی مالکان کو میسیج کے ذریعے بھیجے جا رہے ہیں۔

ترجمان سیف سٹیز اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایک ای چالان کا ایس ایم ایس بھی موصول ہو گا۔