نابینہ بچہ ’’لوئی بریل‘‘

November 15, 2020

احسن مرزا

بچو! آج ہم آپ کا تعارف ایسےبچے سے کرارہے ہیں جس نے خود نابینا ہونے کے باوجود نہ صرف اپنی بلکہ دنیا بھر کے نابینا افراد کی زندگی علم کی روشنی سے منور کرکے انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا۔یہ بچہ جس کا نام لوئس بریل تھا، 4 جنوری 1809 کوپیرس کے نواحی قصبے’’ کوئے پورے ‘‘ میں پیدا ہوا ۔وہ اپنے بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔اس کے دالدکی گھوڑے زین بنانے کی دکان تھی۔لوئی کے گھرمیں تعلیم کا حصول ضروری نہیں سمجھا جاتا تھا ،لیکن لوئی کی ذہانت دیکھ کر والدین نے اسے تعلیم دلانے کا فیصلہ کیا ۔

لوئی اپنے والد’’سائمن بریل‘‘ کے ساتھ اکثر دکان پرجاتا ، جہاں وہ چمڑے کےکھلونوںسے کھیلتا رہتا تھا جو اس کےوالدنے اس کے لئے بنائے تھے۔ ایک دن سائمن اسے دکان پراکیلا چھوڑ کر کسی کام سے باہر گیا۔ موقع سے فائدہ اٹھا کر لوئی ایک نوکیلا تیز دھار اوزار ہاتھ میں لے کر اپنے ابا کی طرح چمڑے میں سوراخ کرنے کی کوشش کرنے لگا۔اچانک اوزارہاتھ سے پھسلا اور اس کا نوکیلا حصہ تین سالہ لوئی کی بائیں آنکھ میں گھس گیا۔ وہ تکلیف کی شدت سے رونے لگا۔ اس کی چیخ و پکار سن کر اس کے والد دوڑتے ہوئے آئے۔

قصبہ میں کوئی اچھا ڈاکٹر نہ تھاجب کہ قریبی اسپتال بھی بیس میل کے فاصلے پر تھا۔اسے ایک خاتون طبیبہ کے پاس لے جایا گیا۔ لیکن اس کے علاج سےلوئی کو کوئی افاقہ نہیں ہوا بلکہ اس کی بینائی تیزی سے متاثر ہونے لگی۔اس دور میں اینٹی بایوٹکس یا اینٹی سیپٹک ادویات نہیں تھیں، اس لیے لوئی کی دوسری آنکھ میں بھی جراثیم پھیلنا شروع ہوگئےاور دو سال میںوہ مکمل طور سے اندھے پن کا شکار ہوگیا۔ بینائی ختم ہونے کے بعداس کےوالد نےاس کی تعلیم کے لیے لکڑی کے ابھرے حروف کاٹ کر انہیں کیلوں کی مدد سے ایک بورڈ پرلگا دیا، تاکہ وہ انہیں چھو کر اپنے نام کے ہجے کر سکے۔

کچھ عرصے بعد اسے اسکول میں داخل کرادیاگیا۔1818 میںجب لو ئی دس سال کا ہوا تواس کے استاد نے سائمن بریل کو مشورہ دیا کہ وہ لوئی کو نابینا بچوں کے اسکول،’’ نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار بلائنڈ چلڈرن‘‘ میں داخل کرادے۔بریل وہاں تعلیم حاصل کرتا رہا بعد میں اسی اسکول میں درس و تدریس کے فرائض انجام دینے لگا۔کچھ عرصے بعد اسے ایسے طریقہ تعلیم کے بارے میں معلوم ہوا جو فوجیوں کو رات کی تاریکی میں پڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

یہ تیکنک فرانسیسی ماہر تعلیم ’’چارلس باربیر‘‘کی ذہنی اختراع تھی جس میں 12ابھرے ہوئے نقطوں سے حروف کی پہچان بتائی جاتی تھی ۔بریل نے اس تیکنک کو نابینا افراد کے لیے سودمند بنانے کے لیے اس پر مزید محنت کی۔ اس نے حروف کی شناخت کے لیے چھ نقطوں پر مشتمل بورڈ بنایاجو بعد ازاں ’’بریل سسٹم‘‘ کے نام سے معروف ہوا۔ 1837میں اس نےاپنے تخلیق کردہ سسٹم پر 600صفحات کی کتاب مکمل کی۔

ان تمام کارناموں کے باوجودبریل سسٹم کو حکومتی پذیرائی نہ مل سکی۔ 6 جنوری 1852 میں لوئی بریل کا انتقال ہو گیا۔ اس کی وفات کے دو برس بعد 1854ء میں اس کا ایجاد کردہ سسٹم نابیناؤں کی تعلیم کے لیے سرکاری سطح پر منظور کرلیا گیاجس کے بعد یہ فرانس کی سرحدوں سے نکل کر ساری دنیا میں مقبول ہوگیا۔آج ڈیڑھ صدیاں گزرنے کے بعدبھی بینائی سے محروم افراد بریل سسٹم کے ذریعے ہی تعلیم حاصل کرکے معاشرے میں باعزت زندگی گزارتےہیں۔