بھارت کے ایسے شواہد ہیں جن کی تردید ممکن نہیں، شہباز گل

November 14, 2020

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہبازگل کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس بھارت کے ایسے شواہد ہیں جن کی تردید ممکن نہیں ہے۔

معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی کنفیوژن کی وجہ سے بھارت کو فائدہ ہورہا تھا، جو ممالک بھارت کو سپورٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اُن کے سامنے بھارت کا چہرہ واضح ہوجائے گا۔


شہباز گل نے کہا کہ بھارت کی زمین آج دہشت گردی کے لیے استعمال کی جارہی ہے جبکہ پاکستان ذمےداری کےساتھ خطےمیں امن چاہتاہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے برابری کے تعلقات چاہتا ہے، اس لیے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت میں پاکستان سے کئی گنا زیادہ غربت ہے۔

معاون خصوصی شہباز گل نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے بھارت کیا کررہا ہے اور یہ سب ہم نے دنیا کے سامنے رکھ دیا ہے۔