کورونا وائرس کے شکار معروف بنگالی اداکار سومترا چٹرجی چل بسے

November 15, 2020

عالمی وباء کورونا وائرس کے شکار ہونے والے بنگالی سنیما کے لیجنڈری اداکار سومترا چٹرجی 85 سال کی عمر میں اس دُنیا سے کوچ کر گئے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بنگالی سنیما کے لیجنڈری اداکار سومترا چٹرجی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر اُنہیں گزشتہ ماہ 6 اکتوبر کو کولکتہ کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں اُن کا علاج جاری تھا۔

جب سومتا چٹرجی کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تو اُس وقت اُن کی طبیعت مستحکم تھی لیکن اُس کے بعد اُن کی حالت خراب ہوتی گئی اور ڈاکٹروں نے کہا کہ کوئی معجزہ ہی اب اداکار کو بچا سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار سومترا چٹرجی کے انتقال کی اطلاع ایک سرکاری بیان کے ذریعے دی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ ’سومترا چٹرجی آج (15 نومبر 2020ء) کو کلکتہ کے اسپتال میں اپنی زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔‘

واضح رہے کہ بنگالی اداکار سومترا چٹرجی نے 1959ء میں بنگالی فلمی دُنیا میں قدم رکھا تھا اور اُن کی پہلی فلم سے ہی اُنہیں کافی شہرت حاصل ہوئی تھی۔

سومترا چٹرجی نے مشہور فلم ساز ستیجیت رے کے ساتھ مل کر 14 فلمیں بنائیں، اُن کی مشہور فلموں میں دیوی، تین، کنیا، گہرے بیرے سمیت دیگر شامل ہیں۔