صحرائی ٹڈی دل پر قابو پالیا، سعودی وزارت

November 16, 2020

سعودی عرب کی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے کہا ہے کہ مملکت صحرائی ٹڈی دل کے حملے سے محفوظ ہو گئی ہے۔ یمن سے آنے والے ٹڈی دل پر قابو پا لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جازان کا شمالی علاقہ جزوی طور پر ٹڈی دل سے متاثر ہوا تھا، تاہم اکتوبر تک سارے علاقے سے ٹڈی دل کا صفایا کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ بالا وزارت کی ٹیمیں اب بھی چوکس ہیں۔ اور ٹڈی دل کی بیخ کنی کے لیے پور ی طرح سے تیار ہیں۔

وزارت نے خبر دار کیا کہ سوڈان، اریٹریا، ایتھوپیا اور یمن میں ٹڈی دل سے صورتحال کافی خراب ہے۔

سعودی عرب کے علاقے املج اور جازان نیز عسیر کے پہاڑی علاقوں کی طرف سے ٹڈی دل کے خطرات موسم سرما میں متوقع ہوتے ہیں۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل ایسے علاقوں کا رخ کر رہے ہیں جہاں موسم معتدل ہے اور بارش ہو رہی ہے۔