عرفان خان کے دنیا سے جانے پر آج بھی افسردہ ہوں، پنکج تریپاٹھی

November 19, 2020

بالی وڈ اداکار عرفان خان آج بھی سیکڑوں مداحوں کے دلوں میںزندہ ہیں۔ بالی وڈ کے ورسٹائل اداکار پنکج تریپاٹھی بھی آنجہانی اداکار عرفان خان کو نہیں بھول پائے ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران پنکج تریپاٹھی کا کہنا تھا کہ میں عرفان خان سے بے حد متاثر ہوں اور ان کے دنیا سے جانے پر آج بھی افسردہ ہوں۔

پنکج تریپاٹھی نے بتایا کہ انہوں نے عرفان خان کی تمام فلمیں دیکھی ہیں بلکہ یہ کہا جائے کہ وہ بھارتی فلم انڈسٹری کے واحد اداکار تھے جن کی میں نے ساری فلمیں دیکھی ہیں، ان کی اداکاری سے ہمیشہ لگتا تھا کہ وہ کچھ الگ ہی کر رہے ہیں۔ عرفان خان کو اب بھی بہت پسند کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ پنکج نے عرفان خان کے ساتھ صرف ایک فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی تھی جس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انگریزی میڈیم کرنے کا مقصد صرف عرفان خان کے ساتھ کام کرنا تھا۔

واضح رہے کہ بالی وڈ اداکار عرفان خان کا انتقال رواں سال 29 اپریل کو ہوا تھا اور انہیں ممبئی میں ہی سپردخاک کیا گیا تھا۔