روکا گیا تو پورے لاہور میں جلسہ ہوگا، رانا ثنا

November 20, 2020


پاکستان مسلم (ن) کے سینئر رہنما رانا ثناء ﷲ نے کہا ہے کہ لاہور کا جلسہ روکا گیا تو پورے لاہور میں جلسہ ہوگا، جس سے حالات خراب ہوں گے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء ﷲ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کورونا کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 22 نومبر کو پشاور میں، 23 نومبر کو ملتان میں اور 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کریں گے۔

رانا ثناء ﷲ نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جلسے کرنے سے منع نہیں کیا، احتیاط کرنے کو کہا ہے۔ اب حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کیسز بڑھنے کے باعث حکومت نے جلسوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا پھیل رہا ہے، کسی بھی اجتماع میں 300 سے زائد لوگ جمع نہ ہوں۔ ہم نے شیڈول جلسہ ملتوی کر دیا دیگر جماعتیں بھی جلسے نہ کریں۔