بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، مودی کے بیانات پر احتجاج

November 21, 2020


اسلام آباد میں بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے مودی کے بیانات کی مذمت کی گئی اور احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بھارتی ناظم الامور گوارؤ آہلووالیا کو دفتر خارجہ اسلام آباد طلب کر کے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے پاکستان مخالف الزامات پر پاکستان کا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا بھارتی وزیراعظم کے مقبوضہ کشمیر کے علاقے نگروٹہ میں مبینہ دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی کے پاکستان پر الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی الزامات مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے، کسی بھی فالس فلیگ آپریشن میں پاکستان کو بدنام کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، پاکستان پہلے ہی ناقابلِ تردید ڈوزیئر جاری کر چکا ہے۔