سندھ میں کورونا کے 1102 نئے کیسز، 13 اموات ہوئیں، وزیراعلیٰ

November 22, 2020

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1102 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران 13 اموات ہوئیں۔

کورونا وائرس سے متعلق یومیہ صورتحال پر بیان میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11439 نمونوں کی جانچ کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1102 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 13 مریض انتقال کر گئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 2829 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ اب تک 1895238 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے، جبکہ اب تک 163329 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 483 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جس کے بعد اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 146008 ہوگئی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اس وقت 14492 مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 13908 گھروں میں، 10 آئسولیشن سینٹرز میں اور 574 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ 510 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 61 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 1102 نئے کیسز میں سے 719 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں سے ضلع جنوبی سے 272، ضلع شرقی سے 247، ضلع وسطی سے 106، ملیر سے 45، کورنگی سے 31 اور ضلع غربی سے 18 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں حیدر آباد میں 113، مٹیاری میں 36، بدین میں 24، عمر کوٹ میں 22، ٹنڈو الہیار میں 18، خیرپور میں 16، جامشورو میں 13، میرپورخاص میں 12، شہید بےنظیر آباد اور سانگھڑ میں 10-10، نوشہروفیروز میں 7، ٹنڈو محمد خان اور دادو میں 6-6، سکھر میں 5، ٹھٹھہ اور گھوٹکی میں 3-3، جیکب آباد، کشمور اور شکارپور میں کورونا کا ایک ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔